نیب کرپشن کا سہولت کار بن چکاہے، سپریم کورٹ

September 7, 2017 5:34 pmViews: 2

پانامہ جے آئی ٹی کے رکن عرفان نعیم منگی کی کارکردگی پر عدلیہ کا عدم اطمینان اور اظہار برہمی
عرفان منگی کے خلاف کل تک انکوائری ہورہی تھی آج وہ ہیرو بن گیا ہے ،جسٹس دوست محمد
اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما جے آئی ٹی کے رکن اور ڈی جی نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نیب کرپشن کا سہولت کار بن چکا ہے۔ جسٹس دوست محمد نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ عرفان نعیم منگی کے خلاف کل انکوائری ہورہی تھی آج وہ ہیرو بن گیا ہے، محض عدالتی فیصلے کے باعث عرفان نعیم منگی پر ہاتھ نہیں ڈال سکتے۔ سپریم کورٹ نے گندم کرپشن کیس میں گرفتار بلوچستان حکومت کے سابق وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ کی پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ اس موقع پر عدالت عظمیٰ نے ڈی جی نیب بلوچستان اور پاناما جے آئی ٹی کے رکن عرفان نعیم منگی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ کیوں نہ ڈی جی نیب بلوچستان کو بھی شریک ملزم بنایا جائے، نیب اہلکاروں کے خلاف مقدمات بنیں گے تو ہی بہتری آئے گی، نیب کرپشن کا سہولت کار بن چکا ہے بلوچستان میں کئی اہم مقدمات تاخیر کا شکار ہیں، بلوچستان میں رنگے ہاتھوں پکڑا جانے والا بھی چھوٹ جاتا ہے، نیب نے کرپشن مقدمات کو مذاق بنا رکھا ہے قومی احتساب بیورو نے 30 دن میں ٹرائل مکمل کرنا ہوتا ہے جو 30 ماہ میں بھی نہیں ہوتا، قوم کے پیسے سے تنخواہ لے کر قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، قوم کے 771 ملین چوری ہوگئے اور نیب سو رہا ہے۔