انتہا پسندی کیخلاف طلبا تعلیمی صلاحتیں بروئے کارلائیں، ڈی جی رینجرز

September 9, 2017 2:09 pmViews: 1

معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے، میجر جنرل محمد سعید
ملکی سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، آئی بی اے اور یوم شہدا تقریبات سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کے خلاف طلبہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ یہ بات انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کے دورے کے موقع پر کہی۔ آئی بی اے کے ڈین ڈاکٹر فرخ اقبال، انتظامیہ اور طلبہ نے ڈی جی رینجرز کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز نے کہاکہ معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے معاشرے کی اصلاح کے لیے موثر کردار ادا کرسکتا ہے، میجر جنرل محمد سعید نے تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے میں صحت مندانہ رجحانات کو فروغ دیں، تاکہ انتہا پسندی کا خاتمہ ہوسکے اور تعمیری سوچ اور صلاحیتیں پروان چڑھ سکیں۔ ڈی جی رینجرز کے دورے کے موقع پر یونیورسٹی کے ڈین و دیگر اعلیٰ شخصیات اور طلبہ نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے یوم شہدا کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ نے کہاکہ ملکی سلامتی کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یادگار شہدا ٹریننگ سینٹر اینڈ اسکول ٹول پلازہ کراچی میں منعقدہ تقریب کے موقع پر انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔