ملک میں پیاز کا بحران، کراچی میں قیمتیں نیچے آگئیں

September 9, 2017 2:25 pmViews: 6

پیاز فی من4200روپے سے کم ہوکر2500روپے پر آگیا، 80روپے فی کلو پر فروخت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیاز کی قلت کے سبب قیمتوں کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔عید کی تعطیلات کے فوری بعد کراچی سبزی منڈی میں پیاز کی تھوک قیمت4200روپے فی من تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد خوردہ سطح پر پیاز100سے120روپے کلو قیمت پر فروخت کی گئی تاہم قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے بعد گزشتہ2روز کے دوران اسٹاک شدہ پیاز دیگر شہروں کو سپلائی کرنے کے بجائے کراچی سبزی منڈی میں لائی گئی جس کی وجہ سے تھوک قیمت کم ہوکر2500روپے فی من کی سطح پر آ گئی ہے اور خوردہ سطح پر پیاز80روپے فی کلو قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔بیوپاریوں کے مطابق پیاز کی قیمتوں میں استحکام عارضی ہے کیونکہ بلوچستان کی فصل آئندہ2ماہ تک پیاز کی طلب پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے، بارشوں کی وجہ سے بلوچستان کی پیداوار اوسط پیداوار سے40فیصد تک کم رہی ہے جس کی وجہ سے سندھ کی پیاز مارکیٹ میں آنے سے قبل ہی قلت کا سامنا ہے، بیوپاریوں اور درآمد کنندگان نے پیاز کی قیمتوں کا بحران حل کرنے کے لیے فوری طور پر پیاز کی درآمد کی اجازت کا مطالبہ کیا ہے۔درآمد کنندگان نے قرنطینہ حکام سے رابطہ کرکے فی الفور پیاز کی درآمد کے پرمٹ جاری کرنے کی درخواست کی ہے ۔