میڈیا ہاؤسز حملہ کیس متحدہ کے فاروق ستار اور عامر خان کی ضمانتوں میں توثیق

September 9, 2017 2:32 pmViews: 3

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان مخالف نعروں اور میڈیا ہاؤس حملے کے مقدمات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان کی عبوری ضمانتوں میں توثیق کردی ہے۔ جمعہ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو پاکستان مخالف نعروں، میڈیا ہاؤسز پر حملہ اشتعال انگیز تقریر اور دہشتگردی سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت کے روبرو ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان سمیت دیگر رہنما اور کارکنان پیش ہوئے۔ عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور اور سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کردی۔ عدالت نے دو مقدمات میں رہنماؤں کی ضمانت کی توثیق کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے فیصلہ سنانے کے بعد مقدمات کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔