عیدلاضحی آپریشن ناکام ضلع وسطی کے 47ملازمین معطل،174کو شوکاز جاری

September 9, 2017 2:43 pmViews: 4

ڈی ایم سی سینٹرل کے چہیتے ڈائریکٹر سینی ٹیشن کے خلاف عدم کارروائی پر معطل ملازمین میں سخت اشتعال،جانبداری کا الزام
چیئرمین کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر ملازمین کا ڈائریکٹر وڈپٹی ڈائریکٹر ز کی بدعنوانیاں منظر عام پر لانے کا فیصلہ
کراچی (وقا ئع نگار خصوصی) بلدیہ ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے عید الاضحی پر بدترین کارکردگی پر ڈائریکٹر سینی ٹیشن کے بجائے چھوٹے ملازمین کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 47ملازمین کو معطل جبکہ 179ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے ہیں جس پر مذکورہ ملازمیں شدید بے چینی پھیل گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں ڈائریکٹر سینی ٹیشن ندیم حیدرکیخلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کئے جانے پر ملازمین نے اسے جانبداری قرار دیدیا ہے،ڈی ایم سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ من پسند ڈائریکٹر سینی ٹیشن ندیم حیدر کو ضلع وسطی میں حکام نے کئی چارج دے رکھے ہیں ،عید الاضحی میں 5ہزار پرائیوٹ ورکرز سے یومیہ معاوضہ پر کام کرانے کا دعوی کیا گیا تھا ،ملازمین کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں غفلت ولاپرواہی کے ذمہ دار ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ز ہیں ،ضلع وسطی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چھوٹے ملازمین کیخلاف کارروائی سے ملازمین میں سخت اشتعال پایا جارہا ہے اور ان ملازمین نے ڈائریکٹر سینی ٹیشن سمیت ڈپٹی ڈائریکٹرز کی کرپشن اور بدعنوانیوں کے ثبوت منظر عام پر لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ڈی ایم سی کے سینئر افسران نے عیدالاضحی پر کئے جانے والے اخراجات کا غیر جانبدارانہ آڈٹ کرانے اور تحقیقاتی اداروں سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔