ملک کے پانچویں جوہری بجلی گھر نے کام شروع کردیا

September 9, 2017 2:43 pmViews: 4

وطن عزیز سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ٗ شاہد خاقان عباسی
340میگا واٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل چشمہ فورکی افتتاحی تقریب سے خطاب
میانوالی( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے340 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل پانچویں جوہری بجلی گھر چشمہ فور کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال‘ وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی‘ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم‘ چین کے سفیر سن وئی ڈونگ‘ ڈائریکٹر جنرل ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل مظہر نوید اور چینی کمپنیوں کے منائندے شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ 10ہزار میگاوات سے زائد بجلی کے منصوبے آئندہ سال جون سے پہلے مکمل ہوجائینگے۔ بجلی کی صورتحال اب کافی بہتر ہے اور امید ہے کہ ہم نومبر2017 ء کے بعد ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری توانائی کا منصوبہ2020 ء تک پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو دیئے جانیوالے8800 میگاواٹ کے ہدف کے حصول کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ چین کے ساتھ مل کر سی پیک کے تحت بہت سے بڑے منصوبے شروع کئے جن کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔