عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،ناصر حسین شاہ

September 11, 2017 2:15 pmViews:

ہمیشہ جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں، وہ ایک ہاتھی کی طرح ہیں جس کے کھانے کے دانت اور دکھانے کے اور ہوتے ہیں
آئندہ الیکشن میں بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم بنیں گے، عوامی جلسۂ عام سے خطاب
سکھر (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیشہ جھوٹ کی سیاست کرتے ہیں، جو بولتے ہیں وہ پورا نہیں کرتے، وہ ایک ہاتھی کی طرح ہیں جس کے کھانے کے دانت اور دکھانے کے اور ہوتے ہیں۔ عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں گے۔ شاہ خالد کالونی میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں پارٹی کے عوامی خدمت کے منشور پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے، الیکشن ہوں یا نہ ہوں عوام کی خدمت کرنا ہمارا فرض ہے کیونکہ آپ کے بھرپور تعاون اور مدد کے نتیجے میں ہم سب اس مقام پر پہنچے ہیں۔ سید خورشید شاہ، ارسلان اسلام شیخ، میر مینگل سمیت پی پی قیادت آپ کی خدمت پر مامور ہے ہم سب شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کے تحت عوامی خدمت کررہے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ آصف علی زرداری کو عدالت نے باعزت طور پر بری کیا ہے جبکہ آصف علی زرداری نے بغیر کسی جرم کے 10 سال سے زائد جیل بھگتی جس کو چیلنج کیا گیا ہے۔