اقامے پر نااہلی کا مطلب انکے پاس کچھ نہیں تھا ٗ مریم نواز

September 11, 2017 2:16 pmViews: 4

نواز شریف کیخلاف جے آئی ٹی کے ہیرے بھی ایک پائی کی کرپشن نہیں نکال سکے
ڈیڑھ سال تک ایک ہی خاندان کی تذلیل کی گئی ٗ وکلاء سے ملاقات اور وفد سے گفتگو
لاہور (صباح نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد نے نواز شریف کی نااہلی کا عدالتی فیصلہ مسترد کردیا ہے، 17 ستمبر کو نواز شریف کی نااہلی کا انتقام لیں گے، ایک مقدمہ میں 4 بار فیصلہ آیا اور اب پانچویں مرتبہ فیصلہ آئے گا، میڈیا ٹرائل کرکے ہمارے خلاف مہم چلائی گئی جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، نواز شریف پاکستان کی ترقی کی بات کرتے ہیں اس لیے ان کے خلاف فیصلہ آیا جبکہ عوام نے فیصلے پر فوری ردعمل دیا، اقامے پر نااہلی کا مطلب ہے نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں تھا اور جے آئی ٹی کے ہیرے بھی ایک پائی کی کرپشن نہیں نکال سکے۔ حلقہ این اے 120 میں انتخابی مہم کے دوران ریلی اور ماڈل ٹائون میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ بیٹے سے پیسے لینے میں کیا انہونی ہے کہ ایک سال تک خاندان کی تذلیل کی گئی جبکہ نااہل اس بات پر کیا گیا کہ چھوٹے بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی۔ نواز شریف کا نہ ہی پاناما پیپرز میں نام تھا اور نہ ہی کرپشن کا کوئی الزام تھا، ایک مقدمے میں 4 بار فیصلہ آیا اور اب پانچویں مرتبہ فیصلہ آئے گا۔ مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف اگر اتنے ہی کرپٹ تھے تو یہ لوگ الزامات کو ثابت کرتے، اقامے پر نااہلی کا مطلب ہے نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں تھا جبکہ جے آئی ٹی کے ہیرے بھی ایک پائی کی کرپشن نہیں نکال سکے۔