برمی مسلمانوں پر مظالم کیخلاف الیکٹرونکس ڈیلرز کا احتجاج

September 11, 2017 2:20 pmViews: 3

حکومتی بے حسی ناقابل برداشت ہے، تاجروں کا اتحاد تشکیل دے کر ملک گیراحتجاج کریں گے ،سید رضوان کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) برما میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم پر حکومت کی مسلسل بے حسی تاجر برادری کے لیے ناقابل برداشت ہے، سرکاری سطح پر ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو تاجروں کا ایک وسیع البنیاد اتحاد تشکیل دے کر ملک گیر احتجاج کریں گے۔ ان جذبات کا اظہار کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے عبداللہ ہارون روڈ پر برما کے مسلمانوں پر کیے جانے والے مظالم کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرے کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس انسانی مسئلہ کے حل کے لیے تاجر برادری میں مکمل اتفاق خوش آئند ہے اور ہم سب کا مطالبہ ہے کہ برما کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے اور مظالم بند نہ ہونے پر برما سے سفارتی تعلقات ختم کرکے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مظالم کے خلاف ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے نائب صدر سلیم میمن اور حاجی ناصر ترک نے اعلان کیا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے فوری طور پر فنڈ قائم کیا جائے گا اور ہم برما جاکر یہ امداد متاثرین میں براہ راست تقسیم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس جدوجہد میں ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔