صدر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ ٗ وزیر اعلیٰ سندھ جہانگیر پارک پہنچ گئے

September 11, 2017 2:22 pmViews: 1

جہانگیر روڈ کی تعمیر پر 220ملین روپے کی لاگت آئی ہے جس میں دو آر او پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں ٗ مرارد علی شاہ ٗ کو بریفنگ
وزیراعلیٰ نے بوہر ی بازار کا دورہ بھی کیا ٗ سڑکوں اور دیگر جگہوں کی صورتحال اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر برہمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ صدر میں واقع جہانگیر پارک پہنچے جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، انہوں نے کہاکہ جہانگیر پارک کو خوبصورت بنایا گیا ہے، واضح رہے کہ جہانگیر پارک سوا پانچ ایکڑ اراضی پر محیط ہے اس کی تعمیر پر 220 ملین روپے لاگت آئی ہے جس میں دو آر او پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں، ایک آر او پلانٹ 50000 ہزار گیلن پینے کا پانی اور دوسرا پارک کو پانی فراہم کرے گا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے بوہری بازار کا بھی دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے سڑکوں اور گلیوں کی ناقص صورتحال اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور وزیر بلدیات جام خان شورو کو ہدایت کی کہ کام کو جلد مکمل کرایا جائے۔ مراد علی شاہ نے صدر میں دکانداروں سے بھی ملاقاتیں کیں دکانداروں نے وزیراعلیٰ سندھ سے فٹ پاتھ بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صدر میں کئی سالوں کے بعد نئی نکاسی آب کی پائپ لائن ڈالی گئی ہے، وزیراعلیٰ نے میر کرم علی تالپور روڈ پر واقع پرانی عمارتوں کو بحال کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا اس موقع پر چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم نے بتایا کہ پرانی عمارتوں اور علاقوں کی بحالی کے لیے عالمی بینک کا پروگرام موجود ہے۔ وزیراعلیٰ نے مینسفیلڈ اسٹریٹ صدر کا بھی دورہ کیا انہوں نے اسٹریٹ کی بحالی پر علاقہ مکینوں سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے اسٹریٹ میں رہنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔