برما کے مسلمانوں پر مظالم پاکستانی حکومت عالمی سطح پر اپنا کردار ادا نہیںکررہی،سراج الحق

September 11, 2017 2:33 pmViews: 6

روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم اور ان کی نسل کشی پر اسلامی ممالک کی فوج خاموش کیوں ہے
جماعت اسلامی کے تحت ایم اے جناح رڈ پر مارچ، لیاقت بلوچ،حافظ نعیم الرحمن، طارق حسن ودیگرکا خطاب
کراچی (این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے بزدلانہ اور مجرمانہ رویہ ترک کرے ، برما کے سفیر کو ملک بدر کر کے برما سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں ،مسلم حکمران اور مسلم ممالک کی اسلامی فوج کیا کررہی ہے ،برما میں مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم اور ان کی نسل کشی کے خلاف مسلم حکمران اور اسلامی ممالک کی فوج خاموش کیوں ہیں ،جب تک روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا اور حکومت پاکستان عالمی سطح پر اپنا کردار ادا نہیں کرے گی ہم قومی سطح پر احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت ایم اے جناح روڈ پر ’’ سپورٹ روہنگیا مارچ‘‘کے لاکھوں مرد وخواتین سے لاہور سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مارچ کا انعقاد روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور بدھسٹ حکمرانوں اور برما کی افواج کے انسانیت کے مظالم پر بڑی طاقتوں ، اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی کے خلاف کیا گیا۔مارچ سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری لیاقت بلو چ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر عبد الشکور ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹراسامہ رضی ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اسلم غوری مسلم لیگ (ن) کے خواجہ طارق نذیر‘ مسلم لیگ (ق) کے طارق حسن،کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی ایڈوکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کراچی کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ ہم برما میں روہنگیا مسلمانوں کے نام پر سب متحد اور یکجا ہیں۔ کراچی بار کے صدر نعیم قریشی نے کہا کہ کراچی کے وکلاء بھرسمیت پورے ملک کے وکلاء اس اہم اور حساس مسئلے پر ہر طرح کے تعاون کرنے پر تیار ہیں ، اب ہمیں عملی طور پر کرنا ہوگا صرف زبانی بیانات سے کام نہیں چلے گا ۔