روہنگیا ٗ مسلمانوں کی نسل کشی بند کی جائے ٗ اے پی ایم ایل

September 11, 2017 2:30 pmViews: 5

کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے ڈاکٹر امجد اور احمد حسین کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل)کراچی ڈویژن کی جانب سے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرے کی قیادت اے پی ایم ایل کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد امجد اور کراچی ڈویژن کے صدر احمد حسین نے کی ۔اس موقع پر پارٹی رہنما اسلم مینائی، بھی موجود تھے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں روہنگیائی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے درج تھے ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد اور احمد حسین نے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ میانمار میں ایک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ۔خواتین اور بچوں تک کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے ۔اقوام متحدہ ان مظالم کو رکوانے میں کوئی کردار ادا کرنے سے قاصر نظر آتا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرکے میانمار کے مسلمانوں کی نسل کشی کے سدباب کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔