آج قائد اعظم کا69واں یوم وفات منایا جارہا ہے

September 11, 2017 2:34 pmViews: 6

مزار قائد پر مسلح افواج کے نمائندوں، اہم شخصیات اور شہریوں کی حاضری اور فاتحہ خوانی
کراچی (آن لائن) بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کا 69 واں یوم وفات آج ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ آج صبح گورنر سندھ محمد زبیر عمر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے کہاکہ معاشی ترقی کے بغیر قائد کا خواب نامکمل ہے، سندھ امن کا گہوارہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ قائداعظم کے خواب کو پورا کریں گے۔ پاکستان امن و آشتی کا ملک ہے، آئی جی سندھ سے کوئی تنازعہ نہیں عدالتی حکم پر عملدرآمد کررہے ہیں۔ مزار قائد پر سیاسی شخصیات، مسلح افواج کے نمائندے اور شہریوں نے حاضری دی۔ بابائے قوم کے یوم وفات کے سلسلے میں ملک بھر میں سیمینارز، مذاکرے، جلسے، اخبارات میں خصوصی ایڈیشن شائع ہوئے جبکہ ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کیے جارہے ہیں۔