غلطیوں کی بھرمار ٗ نیب کو شریف خاندان کیخلاف ریفرنس واپس مل گئے

September 12, 2017 11:55 amViews: 4

ریفرنسز میں بعض ضروری دستاویزات نہیں لگائی گئیں ٗ صفحات پر نمبر غلط بعض پر درج ہی نہیں
رجسٹرار احتساب عدالت نے نیب کو خامیاں دور کرکے 14ستمبر تک ریفرنسز دوبارہ جمع کرانے کا حکم دیدیا
اسلام آباد (این این آئی) رجسٹرار احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف دو ریفرنس نیب کو واپس کردیے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے لندن فلیٹس اور فلیگ شپ ریفرنسز کی اسکروٹنی مکمل کرکے دونوں ریفرنسز نیب کو واپس کردیے ہیں۔ رجسٹرار آفس نے نیب کو خامیاں دور کرکے 14 ستمبر تک دوبارہ ریفرنس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ اپارٹمنٹ اور عزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں غلطیوں کی بھرمار کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں کچھ صفحات کے نمبر غلط ہیں جبکہ بعض صفحات پر نمبر ہی درج نہیں ہیں، اس کے علاوہ ریفرنسز میں کچھ دستاویزات اضافی اور کچھ ضروری دستاویزات نہیں لگائی گئی ہیں۔ اس سے قبل نیب نے شریف خاندان کے خلاف اضافی دستاویزات اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرادی ہیں۔ نیب کی جانب سے اضافی ریکارڈ 8 باکسز میں احتساب عدالت لایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز کی تفصیلی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے جو 14 ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا اور ریفرنسز میں تکنیکی معاملات کو دور کرکے ہی اسے عدالت بھیجا جائے گا۔