میرے پاس افواہوں پر دھیان دینے کا وقت نہیں ، میئر کراچی

September 12, 2017 11:55 amViews: 4

میری کارکردگی پر سوال اٹھانے کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے، وسیم اختر
انتہائی کم وسائل اور محدود اختیار کے باوجود اب تک جو فرائض انجام دیئے اس سے مطمئن ہوں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے میری کارکردگی پر سوال اٹھانے کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان اس بے بنیاد خبر کی سختی سے تردید کرچکے ہیں لیکن بعض افراد اپنی خواہشات کو افواہیں پھیلا کر پورا کرنا چاہتے ہیں ، ایم کیو ایم عوامی نمائندوں کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے ، میرے پاس اتنا وقت نہیں کہ میں اس قسم کی افواہوں اور لوگوں کی خواہشات پر دھیان دے سکوں، انہوں نے کہا کہ انتہائی کم وسائل اور محدود اختیار کے باوجود موجودہ بلدیاتی قیادت نے اب تک جس طرح اپنے فرائض انجام دیئے ہیں اس سے میں سو فیصد مطمئن ہوں،یہ بات انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں بچوں کی صحت کے حوالے سے خصوصی وارڈ اور علاج معالجے کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہاکہ شہری ادارے کے وہ تمام محکمے جس سے ریونیو پیدا ہوتا ہے وہ حکومت سندھ نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں ، واٹر بورڈ ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ جیسے محکمے اپنے پاس رکھ کر بلدیاتی اداروں کو انتہائی محدود کر رکھا ہے، حکومت سندھ اب خود پارک اور سڑکیںبنا رہی ہے ، شہر سے کچرا اٹھانے کا بھی اختیار بلدیاتی اداروں کے پاس نہیں ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مالی حالت سب کے سامنے ہے اس کے باوجود ہم شہریوں کے درمیان موجود ہیں اور شہر کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔