کراچی سے پڑوسی ممالک تک فیری سروس چلانے کا فیصلہ

September 12, 2017 2:08 pmViews: 3

وزارت پورٹس اینڈ شپنگ نے منظوری دیدی ، ابتدائی طور پر گوادر اور چاہ بہار تک شروع کی جائیگی
مسافروں کی سہولیات اورسیکورٹی کیلئے وزارت دفاع ، خارجہ اور داخلہ سے رجوع کرلیا گیا ہے
کراچی (آن لائن) پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے پڑوسی ممالک تک فیری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزارت پورٹس اینڈ شپنگ نے منظوری دے دی۔ فیری سروس دبئی، مسقط، اومان، گوادر اور چاہ بہار تک شروع کی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی این ایس سی نے پڑوسی ممالک تک فیری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیری سروس دبئی، مسقط، اومان، گوادر اور چاہ بہار تک شروع کی جائے گی۔ فیروی سروس ابتدائی طور پر کراچی سے گوادر اور چاہ بہار تک شروع کی جائے گی، پی این ایس سی نے مسافروں کی سہولیات اور سیکورٹی کے لیے وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے رجوع کرلیا ہے۔ مسافروں کے لیے کینٹین، پارکنگ اور ریسٹ رومز کے لیے تمام پورٹ اتھارٹیز کو ہدایات جاری کردی گئیں، اس کے علاوہ فیریز کی خریداری کے لیے اسکروٹنی کا عمل شروع کردیا گیا۔