فنکشنل لیگ ٗ سندھ میں خراب طرز حکمرانی کیخلاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنیکا اعلان

September 12, 2017 2:25 pmViews: 4

صوبے میں خراب طرز حکمرانی سے سندھ کے لوگوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اس کیخلاف آواز اٹھائینگے ٗ صدر الدین راشدی
کراچی میں ورکرز کنونشن کی بھرپور کامیابی کے بعد 17ستمبر کو حیدرآباد میں کنونشن کا انعقاد کیا جائیگا ٗ اجلاس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے سندھ میں خراب طرز حکمرانی کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، کراچی میں ورکرز کنونشن کی بھرپور کامیابی کے بعد 17 ستمبر کو حیدرآباد میں بھی ورکرز کنونشن کا انعقاد ہوگا، سندھ بھر میں تنظیم سازی کے لیے ڈویژنل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ یہ فیصلے پیر کو صوبائی صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار رحیم، سندھ اسمبلی میں فنکشنل لیگ کے پارلیمانی لیڈر نندکمار گوکلانی، کریم بخش شیخ، خدابخش راجڑ سمیت ارکان اسمبلی اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں ابتدائی طور پر کراچی میں ڈویژنل کمیٹی کا اعلان کیا گیا جو اضلاع کی سطح پر تنظیم سازی کے لیے نام تجویز کرے گی جس کی حتمی منظوری صوبائی صدر پیرصدرالدین شاہ راشدی کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہاکہ صوبہ سندھ میں خراب طرز حکمرانی سے سندھ کے لوگوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ حیدرآباد میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کراچی میں کامیاب ورکرز کنونشن کی کڑی ہے جس کا سلسلہ سندھ کے دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز تک جاری رہے گا، انہوں نے کہاکہ سندھ میں پینے کے صاف پانی سے لے کر زرعی پانی، صفائی ستھرائی، امن و امان، اسٹریٹ کرائم اور ٹریفک کے مسائل سمیت دیگر مسائل ہیں، ہمارا صوبہ مسائلستان بنا دیا گیا ہے ہر شخص پریشانی کا شکار ہے، بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے ان مسائل کے حل کے لیے صوبہ میں عوامی رابطہ مہم وقت کی اہم ضرورت ہے۔