انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ٗ لاہور میں کرکٹ میلہ آج بڑا دنگل ہوگا

September 12, 2017 2:24 pmViews: 4

دنیا کے 7ممالک سے تعلق رکھنے والے جگمگاتے کرکٹ اسٹارز پر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے لاہور پہنچ گئے
سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات ٗ قذافی اسٹیڈیم کے اردگرد کی دکانیں اور سڑکیں سیل کردی ہیں ٗ رینجرز کے دستے تعینات
کرکٹ میں کوئی چیز آسان نہیں ہوتی ہماری تیاری اچھی ہے ٗ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوگی ٗ کپتان سرفراز احمد
لاہور (آئی این پی) ملک میں ساڑھے آٹھ سال کے طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا دنگل آج لگے گا، پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا، میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا، سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اِردگرد کی سڑکیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی میلہ سج گیا، سات ممالک کے جگمگاتے کرکٹ اسٹارز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی مشن پر لاہور پہنچ گئے، پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان منگل کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی دنگل لاہور میں ہوگا۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو بھی پی سی بی نے میچز دیکھنے کی دعوت دے رکھی ہے، اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں، اسٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکیں اور دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ پولیس، فوج اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں، کمانڈوز بھی حفاظتی انتظامات میں شامل ہیں، آزادی کپ کے مزید 2 میچز بدھ اور جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے آزادی کپ ٹرافی کی رونمائی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہاکہ کرکٹ میں کوئی بھی چیز آسان نہیں ہوتی، ہماری تیاری بہت اچھی ہے تینوں شعبوں میں اچھا پرفارم کرتے ہوئے حریف ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے، محمد عامر کا متبادل موجود ہے انہوں نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، کوشش ہے کہ مستقبل کے منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں زیادہ سے زیادہ نوجوان پلیئرز کو شامل کیا جائے، کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سوال پر انہوں نے کہاکہ حالات کافی بہتر ہورہے ہیں، پی ایس ایل میچز کے کراچی میں انعقاد کے بعد امید ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ بھی کراچی میں واپس آئے گی۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لیے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا، ورلڈ الیون کی قیادت جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلسی اور پاکستان کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، قومی ٹیم میں شامل مزید کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد نواز، سہیل خان، فہیم اشرف، فخر زمان، رومان رئیس، عماد وسیم، بابر اعظم، عثمان شنواری، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی اور محمد عامر شامل ہیں جبکہ ورلڈ الیون کے کپتان ڈوپلسی سمیت ہاشم آملہ، سیموئل بدری، جارج بیلی، پال کولنگ ووڈ، بین کٹنگ، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، مورنے موکل، ٹم پین، تھیسار پریرا، ڈیرن سیمی اور عمران طاہر شامل ہیں۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان سنسنی خیز میچ کی توقع کی جارہی ہے۔ پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔