ورلڈ الیون میں بھارتی کرکٹرز بھی ہوتے تو اچھا تھا ، شاہد آفریدی

September 12, 2017 2:42 pmViews: 4

کرکٹ کی محبت میں ورلڈ الیون کا میچ دیکھنے لاہور آیا ہوں ، برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو
لاہور (اسپورٹس ڈیسک) معروف آل رائونڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑی بھی ورلڈ الیون میں ہوتے تو بہت اچھا ہوتا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے ورلڈ الیون کے پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس ٹور کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے ایک قدم کے طور پر دیکھ رہے ہیں، تاہم بھارتی کرکٹرز بھی ورلڈ الیون میں شامل ہوتے تو بہت اچھا ہوتا۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ وہ کرکٹ کی محبت میں اور ورلڈ الیون کے میچ دیکھنے لاہور آئے ہیں یہ ہر پاکستانی کے لیے اہم موقع ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے رکے ہوئے سلسلے کو دوبارہ جاری کرنے کی کوششیں کامیاب ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں، ورلڈ الیون کے اس دورے سے دنیا میں مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان امن اور پیار و محبت کی جگہ ہے اور یہاں کے لوگ کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور وہ کرکٹرز کو اپنے سامنے دیکھنا چاہتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے مزید کہاکہ اچھا ہوتا اگر اس ورلڈ الیون میں بھارت کے بھی ایک دو کرکٹرز شامل ہوتے اس سے دنیا کو اچھا پیغام جاسکتا ہے کیونکہ کھیلوں کے ذریعے بڑے بڑے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔