مثالی امن قائم کرینگے ٗ کراچی میں بھی جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی ٗ احسن اقبال

September 12, 2017 2:44 pmViews: 5

عام انتخابات وقت مقرر ہ پر ہونگے ٗ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ورغلانے کی کوشش کی جارہی ہے
عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے ٗ وفاقی وزیر داخلہ کی مزار قائد اور گورنر ہائوس میں بات چیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے 70 سالوں میں بہت ہچکولے کھالیے ہیں، ملک کا راستہ آئین اور جمہوریت سے جڑا ہوا ہے، آئندہ عام انتخابات وقت مقررہ پر ہوں گے، ملک سسٹم میں چل رہا ہے، لندن میں نواز شریف کی بانی ایم کیو ایم سے ملاقات کے بارے میں مجھے علم نہیں وہاں وہاں پر سیاسی سرگرمیوں کے لیے نہیں بلکہ اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے گئے ہیں، ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ملک کی ترقی و خوشحالی پر کبھی خوش نہیں ہوئے اور انہوں نے کبھی ملک کی کوئی خوبی اور کامیابی کو تسلیم نہیں کیا، کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرز نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، 10 سال سے سنسان ہمارے میدان آباد ہونے جارہے ہیں، پوری قوم پاکستان میں کرکٹ کا ایک بڑا ٹورنامنٹ دیکھے گی، کراچی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعہ ہمارے نوجوانوں کو ورغلانے کی کوشش کی جارہی ہے اب ہم کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے کہاکہ ہم نے نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد کیا ہے جس سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پیر کو گورنر ہائوس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کراچی آپریشن، صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کراچی پیکیج اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں احسن اقبال نے گورنر سندھ کو فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں وزیر داخلہ نے کہاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اس ضمن میں حکومتی اقدامات سے صوبے میں جرائم کی بیخ کنی میں مدد ملے گی، انہوں نے کہاکہ مثالی امن وامان کے قیام کے لیے بلاتفریق اقدامات کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا پہلی
مرتبہ سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
کراچی (کرائم رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے عہدہ سنبھالنے کے بعدہیڈ کواٹرپاکستان رینجرز سندھ کا دورہ،اورڈی جی رینجرز سند ھ میجر جنرل محمد سعید سے ملاقات کی،رینجرز ہیڈ کواٹر پہنچنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور دعا کی ،وفاقی وزیر داخلہ کو کراچی میں جاری آپریشن بالخصوص ایم کیو ایم رہنماء خواجہ اظہار الحسن پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی بریفنگ دی گئی،وفاقی وزیر داخلہ نے دہشتگردی کے تدارک اور امن و امان کے قیام کے لئے رینجرز کے کردار کو سراہا،بعد ازاں مہمانوں کی کتاب میں وزیر داخلہ نے اپنے تاثرات قلمبند کئے۔