میئر کراچی نے عبداللہ شاہ غازی عرس کی تعطیل منسوخ کردی

September 12, 2017 2:48 pmViews: 11

بلدیہ کا محکمہ کو آرڈینیشن 22ذوالحجہ کو چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کرے گا
وسیم اختر کے اس اقدام سے عقیدت مندوں میں غم اور غصہ کی لہر دوڑ گئی
کراچی (وقائع نگار خصوصی) میئر کراچی نے سید عبداللہ شاہ غازی کے سالانہ عرس مبارک پر مقامی تعطیل غیر اعلانیہ طور پر منسوخ کردی۔ امسال ان کی ہدایت پر بلدیہ کا محکمہ کوآرڈینیشن 22 ذوالحجہ کو چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کرے گا، دوسری جانب میئر کراچی کے اس اقدام کے خلاف سید عبداللہ شاہ غازی کے عقیدت مندوں میں غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے۔ بلدیہ کراچی کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن فرید تاجک نے سید عبداللہ شاہ غازی کے عرس پر چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے اقدام کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی کو چھٹی دینے کا اختیار نہیں ہے حالانکہ گزشتہ سال ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے میئر کراچی کی حیثیت سے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت سندھ کی جانب سے ایسا کوئی حکم نامہ جاری نہیں ہوا کہ میئر کراچی سید عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع پر چھٹی کا اعلان نہیں کرسکتے اس ضمن میں بلدیہ کراچی کی کونسل میں اپوزیشن لیڈر کرم اللہ وقاصی کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے میئر کراچی سے چھٹی کے اعلان کا اختیار واپس نہیں لیا، میئر کراچی کو اختیار حاصل ہے کہ وہ سٹی کونسل کی قرارداد 2006ء کے مطابق چھٹی کا اعلان کرنے کے پابند ہیں، سٹی کونسل نے 2006ء میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں 22 ذوالحجہ کو سید عبداللہ شاہ غازی کے یوم شہادت پر مقامی تعطیل کی منظوری دی تھی، 2008ء میں سابق نائب سٹی ناظم کراچی نسرین جلیل نے اسے گزیٹڈ قرار دیا تھا، 11 سال مسلسل کرنے والی چھٹی کو موجودہ میئر کراچی نے غیر اعلانیہ طور پر منسوخ کرادیا۔