ڈاکٹروں کی غفلت سے خاتون اور نومولود ہلاک، ورثا کا احتجاج

September 12, 2017 2:54 pmViews: 8

گلشن حدیدکے نجی اسپتال افتخار میموریل میں زینب کو زچگی کیلئے لایا گیا تھا
ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پر ورثا نے احتجاج ختم کردیا، پولیس
کراچی (کرائم رپورٹر)گلشن حدید میں واقع نجی اسپتال میں ڈیلیوری کے دوران ماں اور بچے کی ہلاکت پر ورثاء نے اسپتال کے باہر شدید احتجاج کیا، تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاون تھانے کی حدود گلشن حدید فیز2میں واقع افتخار میموریل اسپتال میں رزاق آباد کی رہائشی خاتون زینب کو ڈیلیوری کیلئے اسپتال لایا گیا جہاں دوران علاج وہ بچے سمیت جاں بحق ہوگئی ، جس کی اطلاع اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ورثاء کو دی گئی ، اطلاع ملتے ہی ورثاء نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ اسپتال میں موجود ڈاکٹروں کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سے خاتون اور بچہ ہلاک ہوگیا ،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ورثاء کو غفلت اور لاپروائی برتنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر ورثاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے ، ایس ایچ او مجتبی باجوہ نے بتایا کہ پولیس نے خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا ہے اور پوسٹ مارٹم میں ڈاکٹروں کی جانب سے غفلت برتنے کے ثبوت ملنے پر ڈاکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جائیگا۔