آئی جی سندھ، گٹکے کی تیاری اور فروخت کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

September 12, 2017 2:57 pmViews: 10

گٹکا مافیا کیخلاف مہم میں کسی بھی رعایت یا جانبدارانہ عمل سے گریز کیا جائے، اے ڈی خواجہ
کراچی (کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے تمام ڈی آئی جیز کو احکامات جاری کیئے ہیں کہ گٹکے کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف صوبائی سطح پر بھرپور اور منظم مہم کا آغاز کیا جائے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے علاقہ معززین،معروف سیاسی سماجی شخصیات کو اعتماد میں لیکر بالخصوص نوجوان نسل کو گٹکے کے استعمال سے ہونیوالے نقصانات سے متعلق آگاہی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ پولیس رینج کی سطح پر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے گٹکے کے مضراور جان لیوا نقصانات سے متعلق اسکولوں،کالجز، جامعات اور دیگر مقامات پر بینرزآویزاں کرنے اور پمفلٹس کی تقسیم کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں، آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ گٹکا مافیا کے خلاف مہم میں کسی بھی رعایت یا جانبدارانہ عمل سے گریز کیا جائے اور اس حوالے سے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر دفتر اے آئی جی آپریشنز سندھ ارسال کی جائے، انہوں نے کہا کہ تھانہ ایس ایچ اوز گٹکا مافیا کے خلاف مہم میں کسی بھی غفلت یا لاپروائی سے اجتناب برتیں اور اس حوالے سے جاری کیئے احکامات پر انکی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔