سندھ نیشنل فرنٹ کے تحریک انصاف میں انضمام کا فیصلہ

September 19, 2017 3:27 pm0 commentsViews: 1

دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کے درمیان انضمام کے حوالے سے تحریری معاہدہ ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ نیشنل فرنٹ نے تحریک انصاف میں انضمام کا فیصلہ کرلیا ہے آج ( منگل کو) حیدر آباد میں تحریک انصاف کے جلسے میں انضمام کا اعلان کیا جائیگا۔ سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر نے کہا ہے کہ سندھ نیشنل فرنٹ کا تحریک انصاف میں انضمام کا فائنل راؤنڈ آج 19 ستمبر کو حیدر آباد میں ہو گا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دورہ حیدر آباد میں سندھ نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین امیر بخش بھٹو کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں کی اہم میٹنگ ہو گی ، جس میں سندھ نیشنل فرنٹ کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کرنے والی شرائط پر تفصیلی گفتگو کے بعد ایک تحریری معاہدہ ہو گا ۔ امیر بخش بھٹو کے عمران خان کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد سندھ نیشنل فرنٹ کے لاڑکانہ میں ہونے والے جلسے کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان ہو گا ۔ جس میں سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی بھٹو اہم تاریخی خطاب کرنے کے بعد عمران خان کی موجودگی میں سندھ نیشنل فرنٹ کو پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ ضم کرنے کا اعلان کریں گے اور لاڑکانہ کے اس تاریخی جلسے میں عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت بھی شرکت کرکے خطاب کرے گی ۔