عباسی شہیداسپتال کے ٹراما سینٹر کی چوتھی منزل پر آتشزدگی

September 23, 2017 1:50 pm0 commentsViews: 6

آگ لگنے سے مریضوں میں خوف و ہراس جس کے بعد عمارت کو خالی کرالیا گیا ،فائر بریگیڈ نے آگ بجھا دی
کراچی (کرائم رپورٹر)پاپوش نگر پولیس چوکی کی حدود میں واقع عباسی شہید اسپتال کے ٹراما سینٹر کی چوتھی منزل پر آگ لگنے سے فرنیچر و دیگر سامان جل گیا ،اسپتال میں آگ کی اطلاع پر زخمی اور مریضوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور اسپتال میں کیے جانے والے آپریشن ملتوی کردیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ناظم آباد کے علاقے پاپوش نگر میں واقع عباسی شہید اسپتال کے ٹراما سینٹر کی چوتھی منزل پر جمعہ کی صبح اچانک آگ بھرک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کرلی آگ کی اطلاع ملتے ہی اسپتال میں موجود زخمیوں مریضوں اور ان کے تیمارداروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور عمارت کو لوگوں سے خالی کرالیا گیا آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پہلے مرحلے میں اسپتال میں موجود تمام افراد کو باہر نکال لیا ،اسپتال کی عمارت میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے تمام آپریشن بھی روک دیے گئے ،ترجمان نے بتایا کہ آگ پر ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا اور آگ چوتھی منزل پر قائم برنس وارڈ میں لگی تھی جس کے نتیجے میں فرنیچر و دیگر سامان جل گیا ،جبکہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہو تی ہے ۔