پینے کے آلودہ پانی کی فراہمی

January 22, 2018 11:40 am0 commentsViews: 42

پاکستان میں 80 فیصد سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے جس پر عدلیہ نے بھی ایکشن لیا ہے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کو کہا ہے دوسری طرف وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں پائے جانے والے 70 سے 85 فیصد آبی ذخائر آلودہ اور انسانی استعمال کے لیے غیرموزوں ہیں۔ یہ انکشاف کسی بے اعتبار غیرسرکاری ادارے کی طرف سے نہیں کیا گیا ہے۔ بلکہ حکومت کی اہم وزارت نے نہایت ذمہ داری سے اس خوفناک حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے۔
انسانی زندگی کے لیے پانی کی اہمیت کے پیش نظر دنیا بھر میں اس بات کا بطور خاص اہتمام کیا جاتا ہے کہ پانی ارزاں، عام اور صاف و شفاف ہو مگر ہمارے یہاں جہاں زندگی کے دوسرے شعبوں میں غفلت، کوتاہی، لاپروائی اور بے حسی کا چلن ہے اس نہایت اہم معاملے میں بھی وہی افسوسناک صورتحال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت آبی ذخائر کو ہرممکن طریقہ کارکو بروئے لاکر آلودگی سے محفوظ رکھے۔