عمران خان کی تیسری شادی کی بھارتی و عالمی میڈیا پر بازگشت

February 20, 2018 4:53 pm0 commentsViews:

انڈین ایکسپریس نے عمران خان کی تیسری شادی پر ٹویٹر پیغامات پر تبصرے شائع کئے
پارٹی رہنمائوں کے دبائو کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ کی شادی کو منظر عام پر لایا گیا ، غیر ملکی اخبارات
واشنگٹن، نئی دہلی، دبئی، لاہور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارتی و عالمی میڈیا کی خبروں میں بھی رہی اس حوالے سے متعدد خبریں شائع ہوئیں، متعدد بھارتی نشریاتی اداروں نے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی پر ایک سے زائد خبریں بھی شائع کیں۔ انڈین ایکسپریس نے اپنی ایک خبر میں لکھا کہ عمران خان نے اپنی ہی روحانی پیشوا سے تیسری شادی کرلی۔ اسی خبر میں لکھا گیا کہ عام انتخابات قریب آنے کی وجہ سے عمران خان پر تیسری شادی کو منظر عام پر لانے کیلئے پارٹی رہنمائوں کی جانب سے دبائو تھا، جس وجہ سے تیسری شادی کی تفصیلات سامنے لائی گئیں۔ اپنی دوسری خبر میں انڈین ایکسپریس نے عمران خان کی تیسری شادی پر لوگوں کی جانب سے ٹوئٹر پر کئے جانے والے تبصرے شائع کئے۔ ہندوستان ٹائمز نے بھی عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی پر کم سے کم 2 خبریں شائع کیں۔ ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں بتایا کہ 65 سالہ عمران خان نے اپنی روحانی پیشوا 40 سالہ بشریٰ مانیکا سے شادی کرلی، پارٹی رہنمائوں کی جانب سے نکاح کی تصاویر بھی جاری کردی گئیں۔ اپنی دوسری خبر میں اخبار نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ عمران خان اور بشریٰ مانیکا جنہیں پنکی پیر بھی کہا جاتا ہے کہ درمیان کچھ سال قبل ملاقات ہوئی۔ اسی خبر میں بشری مانیکا کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ پانچ بچوں کی ماں بھی ہیں۔ دی ہندو نے لکھا کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے تیسری شادی کرلی، ساتھ ہی خبر میں بتایا گیا کہ پارٹی رہنمائوں کی جانب سے دبائو کے بعد ہی پی ٹی آئی چیئرمین کی تیسری شادی کو منظر عام پر لایا گیا، کیوں کہ کچھ رہنما سمجھتے ہیں کہ ان کی تیسری شادی کو خفیہ رکھنے کی وجہ سے ہی پنجاب کے شہر لودھراں میں انہیں ضمنی انتخابات میں حریف جماعت مسلم لیگ (ن) سے شکست کھانی پڑی۔ نیوز 18 نے اپنی خبر میں بتایا کہ کرکٹ سے سیاست میں آنے والے عمران خان نے سادگی سے تیسری شادی کرلی، ان کی شادی میں ان کی بہنوں اور خاندان کے دیگر افراد کو مدعو نہیں کیا گیا، خبر میں بتایا گیا کہ عمران خان نے اپنی تیسری شادی کے حوالے سے اپنی بہنوں کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ٹائمز آف انڈیا نے بھی ان کی تیسری شادی کی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ سے سیاست میں آنے والے عمران خان نے تیسری بار اپنی روحانی پیشوا سے شادی کرلی۔ سابق قومی آل رائونڈر شاہد آفریدی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو شادی پر مبارکباد دی۔