ملیر میں دکان پر فائرنگ، 2 افراد ہلاک ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

February 22, 2018 12:07 pm0 commentsViews: 1

پیپری موڑ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان عمر اور نواب پر گولیاں برسا کر فرار ہوگئے
واقعہ ذاتی دشمنی لگ رہا ہے تاہم تحقیقات کررہے ہیں، ایس ایچ او دھنی بخش مری
کراچی( کرائم رپورٹر) ملیر کے علاقے پیپر موڑ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی الیکٹرونکس کی دکان پر فائرنگ سے تاجر عمر اور پارٹنر نواب جاں بحق، ملزمان فرار، لاشیں اسپتال منتقل، دکانداروں کا احتجاج، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ملیر کے علاقے پیپری موڑ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی الیکٹرونکس دکان پر فائرنگ سے تاجر عمر اور اس کا پارٹنر نواب جاں بحق جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز پہنچ گئی اور مقتولین کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردیں۔ جائے وقوع پر موجود عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے دکان میں گھس کر فائرنگ کی۔ ایس ایچ او بن قاسم ٹائون دھنی بخش مری نے صحافیوں کو بتایا کہ وقعہ ذاتی دشمنی لگ رہا ہے تاہم تحقیقات کررہے ہیں۔ دوسری جانب پیپری کے دکانداروں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کا واردات کے بعد بآسانی فرار ہوجانا پولیس کی نااہلی ہے۔

ڈکیتی مزاحمت پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے رہزن ہلاک
بفرزور میں ملزمان اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکار قدیر کو لوٹ رہے تھے، مرنے والے کی شناخت نہیں ہوسکی
تین ہٹی کے قریب پولیس مقابلے میں ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ایک راہگیر کو بھی گولی لگی
کراچی(کرائم رپورٹر) بفرزون میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے مبینہ رہزن ہلاک جب کہ تین ہٹی پر پولیس مقابلے میں ایک رہزن کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، گرفتار رہزن کی فائرنگ سے ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق تیموریہ تھانے کی حدود بفر زون سیکٹر 15-A/4 میں 2 مسلح رہزنوں نے پولیس کے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے اہلکار قدیر احمد سے لوٹ مار کی کوشش کی جس پر قدیر نے مزاحمت کرتے ہوئے ملزمان پر فائرنگ کردی جس سے ایک ملزم شدید زخمی ہوا تاہم اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، زخمی رہزن کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہوا، رات گئے تک مرنے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہوسکی تھی۔ ادھر پی آئی بی تھانے کی حدود میں تین ہٹی کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک رہزن کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، رہزنوں کی فائرنگ سے ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا، پولیس کے مطابق ان کو اطلاع ملی تھی کہ تین ہٹی کے قریب 2 مسلح ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکر ایک راہ گیر شکیل ولد عبدالسبحان زخمی ہوگیا جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم فیض زخمی ہوا جس کو گرفتار کرلیا تاہم اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، زخمی ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہوا۔

صبح سویرے: ناظم آباد میں فائرنگ کارسوار زخمی ہوگیا
کراچی ( کرائم رپورٹر) آج صبح ناظم آباد نمبر2انڈرپاس کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے کارسوار 25سالہ عمیر زخمی ہوگیا ۔جس کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیاگیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار گاڑی روکنے کی کوشش کررہے تھے نہ رکنے پر فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں عمیر زخمی ہوگیا ۔جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

موچکو میں کام کے دوران وزنی سامان تلے دب کر مزدور ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) موچکو کے علاقے سپارکوروڈ ملتانی ہوٹل کے قریب کام کے دوران 30سالہ مزدور نصیب اللہ وزنی سامان تلے دب کر ہلاک ہوگیا ۔جس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔

نصرت بھٹو کالونی میں ٗ گیس لائن میں دھماکہ ٗ گھر منہدم خواتین سمیت 7افراد زخمی
اچانک ہونیوالے دھماکے سے پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جھلس کر زخمی ہونیوالوں میں تین خواتین ہیں
اطلاع ملنے پر ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے ٗ زخمی ہونیوالوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) نصرت بھٹو کالونی میں گیس کی لائن میں دھماکے سے پورا گھر منہدم خواتین سمیت7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔ تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ نصرت بھٹو کالونی انور شاہ گوٹھ میں گیس کی پائپ لائن میں دھماکے سے پورا گھر منہدم ہوگیا۔ مذکورہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام اور ریسکیو ادارے موقع پرپہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔ جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد عباسی اسپتال سے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نصرت بھٹو کالونی سے دھماکے میں7 افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے جن میں3 خواتین شامل ہیں اور تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے اور دھماکے میں تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے کے بیشتر حصے میں گیس کی لائنیں مخدوش ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے مزید حادثات کا خدشہ ہے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس جی سی کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا او رمرمتی کام شروع کردیا۔ مذکورہ واقعے میں زخمی ہونیوالوں میں سحر خان‘ روح افزہ‘ بسمہ‘ عمر‘ سانیہ اور فرقان سمیت7 افراد شامل ہیں۔

اورنگی ٹائون ٗ گھر کے باہر بیٹھے شخص کو گولی مار کر قتل کردیا گیا
موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گھات لگا کر فائرنگ کی ٗ مقتول جنرل اسٹور کا مالک تھا
کراچی(کرائم رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے گھر کے پاس بیٹھا شخص جاں بحق ہوگیا، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون تھانے کی حدود بلوچ گوٹھ میں گھر کے پاس بیٹھے شخص پر ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ،فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او حسیب اللہ قریشی نے بتایا کہ اسپتال میں مقتول کی شناخت عاشق علی ولد قیصر علی کے نام سے ہوئی ، ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ مقتول اپنے گھر کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے اہل خانہ پولیس کو بیان دیا ہے کہ ان کی اشرف مگسی سے خاندانی دشمنی چل رہی تھی اور اشرف مگسی نے ہی قتل کیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی گھر سے کچھ فاصلے پر جنرل اسٹور کی دکان تھی۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

بفرزون میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک
کراچی(کرائم رپورٹر)بفرزون میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، تفصیلات کے مطابق تیموریہ کے علاقے بفرزون سیکٹر15اے فور مکان نمبرR-88میں کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے35سالہ امین جاں بحق ہوگیا ،متوفی کے ورثاء بغیر کسی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔