سندھ فیسٹیول میں ایک ارب کا خرچہ

February 23, 2018 12:29 pm0 commentsViews: 6

نیب نے فریال تالپور سمیت 19 افراد کو طلب کرلیا
مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر خطیر رقم خرچ کی گئی، زبانی احکامات پر ادائیگیاں ہوئیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) نیب نے سندھ فیسٹیول میں ایک ارب روپے سے زائد رقم سرکاری خزانے سے خرچ کرنے پر فریال تالپور، شیری رحمن، شرمیلا فاروقی، حشام شیخ، اویس مظفر ٹپی، شرجیل میمن، ادکار فخر عالم، شہریار تاثیر، مظہرالحق صدیقی، ثاقب سومرو ، ذوالفقار شالوانی سمیت 19 افراد کو نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے سندھ فیسٹیول میں مجاز اتھارٹی کی منظوری سے ایک ارب روپے سے زائد سرکاری خزانے سے خرچ کرڈالے اور فیسٹیول میں جو ادائیگیاں کی گئیں ان میں کس قانون پر عمل کیا گیا؟ براہ راست ادائیگیاں کس کی اجازت سے کی گئیں اور فیسٹیول میں سیپرا قوانین پر کتنا عمل کیا گیا؟ کس کی اجازت سے سیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی گئی؟ فیسٹیول میں زبانی احکام پر اتنی بڑی رقم کیوں خرچ کی گئی، فیسٹیول کیلئے سیپرا قوانین پر عمل کرنے سے کیوں احتراز کیا گیا، ان افراد کو نیب کراچی میں طلب کرکے ریکارڈ سمیت اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی ہے۔