بلدیہ ٹائون ٗ شارع فیصل ٗ ٹیپو سلطان ٗ صبح سویرے 3افراد کی لاشیں ملیں ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

February 23, 2018 12:53 pm0 commentsViews: 7

بلدیہ میں کے ایم سی گرائونڈ کے قریب کچرے کے ڈھیر سے ملنے والی لاش دو روز پرانی ہے شناخت نہیں ہوسکی
فلک ناز پلازہ کی لفٹ سے 70سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ٗ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں گارڈ اپنی ہی گولی سے ہلاک ہوگیا
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے بلدیہ ٹائون‘ شارع فیصل اور ٹیپو سلطان سے تین افراد کی لاشیں برآمد‘ ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح بلدیہ ٹائون نمبر19/D کے ایم سی گرائونڈ کچرے کے ڈھیر سے40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کئے بعد ازاں لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش ایک سے دو روز پرانی ہے اور لاش کے پاس ایسی کوئی چیز نہیںملی ہے جس سے شناخت ہوسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا ۔ادھر شارع فیصل وائرلیس گیٹ کے قریب فلک ناز پلازہ کی لفٹ سے70سالہ محمد صالح کی دو روز پرانی لاش ملی۔ پولیس کارروائی کیلئے لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محمد صالح فلک ناز پلازہ کے اندر ملازم اور شاہ فیصل کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ لفٹ میں پھنس کر ہلاک ہوئے ہیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کا سبب معلوم ہوسکے گا۔ ادھر ٹیپو سلطان تھانے کی حدود کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک نمبر2 سے سیکورٹی گارڈ40 سالہ اللہ ورایو ولد اللہ ڈنو کی لاش ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ اپنی ہی پستول سے اتفاقیہ طور پر گولی چلنے سے ہلاک ہوا ہے۔ تمام پہلوئوں سے تفتیش کررہے ہیں۔

دیوار گرنے سے 2بہنیں جاں بحق ٗ گیس لائن دھماکے میں زخمی بچی چل بسی
گلستان جوہر ٗ راشدی گوٹھ دیوار کی تعمیر جاری تھی کہ اچانک منہدم ہوگئی ٗ 12سالہ خضر اور 5سالہ شبانہ ملبے تلے دب گئیں
نصر ت بھٹو کالونی میں گیس لائن دھماکے سے گھر تباہ ٗ زخمیوں میں سے 6سالہ ثانیہ انور دوران علاج دم توڑ گئی
کراچی( کرائم رپورٹر) گلستان جوہر میں زیر تعمیر دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر2بہنیں جاں بحق ‘نصرت بھٹو کالونی میں گیس لائن دھماکے کے زخمیوں میں سے6 سالہ بچی دم توڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ کے علاقے گلستان جو ہر بلاک نمبر9گل ہائوسنگ سوسائٹی سے متصل راشدی گوٹھ میں مکان کی دیوار تعمیر کی جارہی تھی کہ اچانک وہ منہدم ہو گئی جس کے ملبے تلے2بچیاں دب گئیں ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی دونوں کو ملبے سے نکال کر تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر دونوں نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفیہ کی شناخت12سالہ خضرا دختر شمل علی اور5سالہ شبانہ دختر شمل علی کے نام سے ہو ئی پولیس نے مزید بتایا کہ دونوں آپس میں بہنیں تھیں اور واقعے کے وقت وہ دیوار کے ساتھ کھیل رہی تھیں کہ دیوار ان کے اوپر گر گئی پولیس نے کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی ہیں۔ادھر سرسید تھانے کی حدود نارتھ کراچی نصرت بھٹو کالونی سے متصل انور گوٹھ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب زور دار دھماکہ ہوا اور دھماکے کے نتیجے میں محمد انور نامی شخص کا پورا گھر تباہ ہوگیا تلے دبے چار بچوں ایک خاتون اور مرد کو نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا ، ایس ایچ او مختیار احمد نے بتایا کہ ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والی6سالہ ثانیہ دختر انوار دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی جبکہ زخمی ہونے والوں کی شناحت40سالہ انوار اسکی بیوی35سالہ روح افضاء اسکا بیٹا5سالہ عمیر ، بیٹی15سالہ سحر ،8سالہ بیٹی بسماء زیر علاج ہیں۔

ملیر جیل میں لیاری سے گرفتار ہونیوالا ملزم پولیس تشدد سے ہلاک
قیدی عارف کو حالت خراب ہونے پر جناح اسپتال لایا جارہا تھا راستے میں ہی دم توڑ گیا، جسم پر تشدد کے نشانات ہیں
چاکیواڑہ پولیس نے عارف کو لیاری سے گرفتار کیا تھا، اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا
کراچی( کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں پولیس کے مبینہ تشدد سے لیاری سے تعلق رکھنے والا ملزم عارف ہلاک ہوگیا۔ ملزم کو ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ عارف پولیس تشدد سے ہلاک ہوا ہے اور عارف کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں پولیس کے مبینہ تشدد سے قیدی عارف کی حالت خراب ہوگئی۔ جس پر پولیس نے ملزم عارف کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ ملزم اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہوچکا تھا۔ جس کی تصدیق اسپتال میں موجود ڈاکٹر کی ٹیم نے کردی جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عارف کے بھائی خلیل بلوچ کا کہنا تھا کہ بھائی سے ایک مہینے قبل عدالت میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد آج ہلاکت کی اطلاع دی گئی مبینہ پولیس تشدد سے ہلاک ہونیوالے عارف کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزم عارف کو چاکیواڑہ پولیس نے لیاری سے گرفتار کیا تھا اور عارف چاکیواڑہ لیاری کا رہائشی اور5بچوں کا باپ بتایاجاتا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدی عارف کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ عارف تشدد سے ہلاک ہوا ہے۔ دوسری جانب باخبر ذرائع نے بتایا کہ جیل میں قیدیوں پر تشدد معمول بن گیا ہے اور اس کے چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام موجود نہیں ہے جس کا فائدہ جیل انتظامیہ بھر پور طریقے سے اٹھاتی ہے اور جیل کے اندر بھی منشیات کے فروشی‘ شراب اور دیگر جرائم کا دھندا عروج پر ہے۔

نشے کے عادی 3 نوجوانوں نے ایک دوسرے کو چھریاں مار دیں
عزیز ، طاہر اور ندیم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک کی حالت نازک
تینوں بنگالی پاڑے کے رہائشی ہیں جن کے درمیان منشیات کیلئے پیسے پر جھگڑا شروع ہواتھا
کراچی ( کرائم رپورٹر) بنگالی پاڑے میں تین نشے کے عادی نوجوانوں نے منشیات کیلئے ایک دوسرے کو چھریوں کے وار سے زخمی کردیا ، تفصیلات کے مطابق ابرہیم حیدری تھانہ کی حدو د بنگالی پاڑے نشے کے عادی تین دوستوں نے نشے کی خاطرایک دوسرے کو چھریوں کے وار سے زخمی کردیا ، تینوں زخمیوں کوفوری طورپر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ، جہاں ان کی شناخت20سالہ عزیز ولد ابوبکر ،25 سالہ طاہر ولد ابوبکراور16سالہ ندیم ولد راشد زخمی ہوگئے ،جناح اسپتال کے میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ تینوں کے جسم پر چھریوں کے نشانات موجود ہیں ، جبکہ ندیم ولد راشد کی حالت نازک معلوم ہوتی ہے ،ابراہیم حیدری کے ڈیوٹی آفسیر شفیق کا کہنا ہے کہ زخمی تینوںافراد نشے کے عادی اور بنگالی پاڑے کے رہائشی بنگالی ہے ، زخمی ہونے والے تینوں افراد کے گھر والوں نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا ، اہل محلہ سے معلوم ہوا کہ تنیوں افراد نشے کے عادی ہے ، جبکہ جھگڑا طاہر اور عزیز کے درمیان شروع ہو ا تھا ، طاہر نے عزیز کو منشیات کیلئے پیسے دیئے ہوئے تھے جو عزیز نے ذاتی کام پر خرچ کردے تھے ، جس کے باعث ان دونوں میں جھگڑا شروع ہوا ،جبکہ ان دنوں کے جھگڑے درمیان ندیم بھی شدید زخمی ہوگیا۔

بھینس کالونی میں ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر)بھینس کالونی میں ٹرین کی زد میں آکر40سالہ شخص جاں بحق ہوگیا، تفصیلات کے مطابق ملیر ریلوے کے علاقے بھینس کالونی میں ٹرین کی زد میں آکر ٹرین کی پٹری عبور کرنے والا40سالہ شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے ، پولسی نے کارروائی کے بعد لاش شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی ہے۔

سولجر بازار میں مقروض شخص نے خودکشی کرلی
کراچی (کرائم رپورٹر)سولجر بازار میں قرض داروں سے تنگ آکر ضعیف العمر شخص نے گلے پر چھری پھیر لیجس کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں طبی امداد دی جارہی ہے ، تفصیلات کے مطابق سولجر بازار تھانے کی حدود سولجر بازار نمبر1گل رانا کالونی مکان نمبر 1/70سے تشویشناک حالت میں70سالہ شخص کو سول اسپتال پہنچایا گیا ، ایس ایچ او رافع تنولی نے بتایا کہ اسپتال میں مضروب کی شناخت جمشید خان ولد فضل دین کے نام سے ہوئی ، مضروب نے کئی لوگوں سے قرضہ لیا ہوا ہے ، مضروب نے جن لوگوں سے قرضہ لیا ہے وہ لوگ اس سے پیسے مانگ رہے ہیں اور پیسے نہ ہونے پر اس نے دلبرداشتہ ہوکر جمعرات کی دوپہر گھر میں رکھی سبزی کاٹنے کی چھری اپنے گلے پر پہر کر خودکشی کرنے کی کوشش کی ، مضروب کو نجی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔