PSL کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز، فنکاروں کی عمدہ پرفارمنس

February 23, 2018 12:53 pm0 commentsViews: 1

عابدہ پروین، شہزاد رائے، علی ظفر، امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو نے شائقین کرکٹ کو اپنی گائیکی اور رقص سے سماں باندھ دیا
پی ایس ایل تھری میں حصہ لینے والے ٹیموں کا تعارف، ہوا کے دوش پر ٹرافی کو میدان میں اتارا گیا
کراچی ( اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوگیا۔ دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میںغیرملکی اور پاکستانی فنکاروں نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کو متاثرکیا ۔ ایک ماہ طویل اس ایونٹ کااختتام 25مارچ کو ساحلی شہر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد علی ظفر نے ہواکے دوش پررقص کرتے ہوئے میدان میں سماں باندھ دیا۔ علی ظفر کے بعد اسٹیج پر قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی آمد ہوئی، انہوں نے ایونٹ میں شریک ٹیموں کا گراؤنڈ میں تعارف کرایا۔ سب سے پہلے لیگ کی نئی ٹیم ملتان سلطان کی میدان میں آمد ہوئی ۔جس کے فوری بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی بھی گراؤنڈ میں داخل ہوگئے ۔ اس موقع پر بدنظمی نے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد بلترتیب کراچی کنگز، لاہور قلندر، دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور آخر میں سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایئر کی ٹیم میدان میں داخل ہوئی ۔ ٹیموں کے بعدہوا کے دوش پر ٹرافی کو میدان میں اتارا گیا۔ جسے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی تھامے ہوئے تھے۔پی ایس ایل ایک بڑا ایونٹ بنتا جارہاہے گذشتہ سال 24میچز ہوئے تھے اس سال 34میچرز ہونگے ۔اس موقع پر تقریب میں لوک فنکارہ عابدہ پروین اور گلوگار شہزاد رائے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ امریکن گلوکارجیسن ڈیرولا نے بھی شائقین کو اپنی گائیکی و رقص سے محظوظ کیا۔