ایم کیو ایم کے منحرف ارکان کی سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت

February 24, 2018 11:14 am0 commentsViews: 4

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیوایم کے منحرف رکن سندھ اسمبلی محمد دلاور نے کہا ہے کہ پی ایس پی کے آٹھ ارکان جمعہ کوسندھ اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے ہیں ہم دو سال کے بعد اسمبلی میں واپس آئے ہیں اب ہم انہیں موقع نہیں دینگے۔وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ انڈیا جاکر پاکستان مخالف نعرے لگاتے ہیں ہم پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائیں گے ۔انہیں بلدیاتی نمائندوں کو لڑائی اور لندن پیسے بھیجنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صرف پٹرول چوری کرنے کا کام ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب ہم باقاعدگی سے اسمبلی اجلاس میں شریک ہونگے ہم نے طے کیا ہے کہ را کے ایجنٹس کو نیست و نابوت کریںگے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد دلاور نے کہا کہ اسپیکر کو اختیار ہے اگر کوئی چالیس دن غیر حاضر رہتا ہے تو اسے ڈی سیٹ کردے مگر ہمارے دو سال سے استعفیٰ قبول نہیں کئے گئے۔

پارلیمانی سیاست میں بھرپور حصہ لیں گے ٗ وسیم آفتاب
کراچی کے امن کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ٗ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے کہا ہے کہ آج را کے ایجنٹوں کے لیے بُرا دن ہے، کراچی کے امن کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہم پارلیمانی سیاست میں بھرپور حصہ لیں گے، ہم شہر کے لوگوں کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ لاوارث نہیں۔ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کراچی کے دعویداروں میں سے صرف تین ارکان آئے تھے، ہم سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے اور بہت جلد سندھ کی سیاست میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے منحرف رکن سندھ اسمبلی محمد دلاور نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم کراچی کے مسائل پر سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے اور یہاں سے ملنے والی تنخواہ اپنے شہداء کی غریب فیملی کو دیتے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دو سال سے ہمارے استعفے قبول نہیں کیے گئے اسپیکر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر کوئی رکن 40 دن غیر حاضر رہتا ہے تو اسے ڈی سیٹ کر دیں ہمیں یہ فیصلہ قبول ہوگا۔