کارلفٹر گروہ گرفتار،نشاندہی پر، اندرون سندھ سے 8گاڑیاں برآمد

June 15, 2018 3:55 pm0 commentsViews: 1

اے سی ایل سی پولیس نے گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے کار لفٹر گروہ کے 3کارندوں کو حراست میں لے لیا
ملزمان نے 100 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کرلیا، کراچی کے پوش علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے
کراچی (کرائم رپورٹر) اے سی ایل سی پولیس نے گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے 3 کار لفٹر کو گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر اندرون سندھ سے 8 مسروقہ کاریں برآمد کرلیں، ملزمان نے 100 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل نے خفیہ اطلاع پر عزیز بھٹی کے علاقے گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے 3 کار لفٹر حسین بخش سولنگی عرف ڈاڈا، خمیسو ملاح کھمو اور پرمانند عرف پمومل کو گرفتار کرلیا اور ان کی نشاندہی پر ضلع سانگھڑ، حیدرآباد اور میرپور خاص میں کارروائیاں کرکے 8 چوری شدہ گاڑیاں برآمد کرلیں۔ ایس ایس پی اے سی ایل سی اسد رضا نے بتایا کہ ملزمان کا ہدف پوش علاقے جن میں ڈیفنس، کلفٹن اور شارع فیصل ہوتے تھے ملزمان زیادہ تر چھوٹی کاریں جن میں مہران اور کورے شامل ہیں چوری کیا کرتے تھے۔ ایس ایس پی نے مزید کہاکہ ملزمان نے انکشاف کیا کہ اپنے گرفتار ساتھی لیاقت کے ہمراہ چوری کی ہوئی کاریں گل تھیم کو فروخت کرتے تھے جو کہ ان کے رنگ اور نمبر تبدیل کرکے شہدادپور، میرپور خاص اور ٹنڈو الہیار میں ایک لاکھ سے 2 لاکھ میں فروخت کر دیتا تھا۔