غیر قانونی تعمیرات ایس بی سی اے افسران کو قبلہ درست کرنے کا انتباہ

June 21, 2018 1:43 pm0 commentsViews: 2

اولین ترجیح شہر میں ان گنت مسائل کا باعث بننے والی بدنما اور بے ہنگم تعمیرات کا خاتمہ کرنا ہے
غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ڈی جی کا ہنگامی اجلاس سے خطاب
کراچی (وقا ئع نگار خصوصی)شہر میں جاری غیر قانونی تعمیرات کو ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائم خانی نے شہر کیلئے بڑاخطرہ قرار دیتے ہوئے ادارے کے افسران کو اپنا قبلہ درست کرنے کی وارننگ دیدی،ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کا چارج سنبھالنے والے گریڈ21کے سینئر افسر افتخار قائم خانی نے گذشتہ روز ادارے کے تمام ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز سے منعقدہ ہنگامی اجلاس میں واضح کیا کہ ان کی اوّلین ترجیحات میں شہر کوبدنمااوران گنت مسائل کاسبب بننے والی بے ہنگم غیرقانونی تعمیرات کاخاتمہ ہے۔ معززعدالت عالیہ سندھ کے حکم کے مطابق لیز ،سب لیز اور سیل ڈیڈ کوبلڈنگ پلان کی منظوری سے مشروط کئے جانے پرسختی سے عملدرآمدجاری رکھاجائے۔ رہائشی پلاٹس پر تعمیراتی اصولوں کے مخالف غیرقانونی تعمیرات وکمرشل پلازہ اوراستعمال اراضی کی خلاف ورزیاں کراچی شہر کی اہمیت وافادیت کے لئے انتہائی نقصاندہ ہیںجنہیں آج نہ روکاگیاتومستقبل میں یہ خوف اورخطرے کی علامت عمارتیں المناک حادثات کاسبب بنیں گی۔ انہوں نے اجلاس میں موجود افسران کوتنبیہ کی کہ غیرقانونی تعمیراتی کے خلاف سخت آپریشن کے لئے اپنی صفوں کودرست کرلیاجائے ،تعمیراتی لاقانونی میں شریک یالاپرواہی برتنے والے کومعاف نہیں کیاجائے گااور تحقیقات کی صورت میں ملوث قرارپانے والے افسریااسٹاف کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایس بی سی اے میں ماہر تعمیرات اورتجربہ کار انجینئرزمناسب تعداد میںموجود ہیں ،کراچی اورادارے کے دیگرریجن حیدرآباد ،میرپورخاص ،سکھراورلاڑکانہ میںبھی غیرقانونی تعمیرات کی سختی سے روک تھام کی جائیگی وہاںکی تعمیرات کو جدید تعمیراتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرناہوگاتاکہ ان شہروں میں بڑھتے ہوئے آبادی کے دبائو کے سبب تجارتی ورہائشی ضرورتوںکوقانونی اوربہتر تعمیراتی ماحول دیاجائے گا۔