غیر جانبدار افسران کی تقرری کیلئے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے ایک ہفتے کی مہلت دیدی

June 21, 2018 1:45 pm0 commentsViews: 9

انتظامی عہدوں پر غیر جانبدارانہ افسران کا تقرر عمل میں لایا گیا تو سندھ بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائیگا
سندھ میں 10 سال سے بیورو کریسی میں ایک ہی لوگ ہیں، پیر پگاراکی فہمیدہ مرزا، غوث علی شاہ اور دیگر رہنمائوں کی پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس( جی ڈی اے) نے سندھ میں انتظامی عہدوں پر غیر جانبداران افسران کی تقرری کیلئے الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ اداروں کو ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے اور متنبہ کیا ہے کہ غیر جانبدار افسران کا تقرر عمل میں نہ لایا گیا تو سندھ بھر میں الیکشن مہم کے ساتھ ساتھ بھر پور احتجاج کیا جائیگا۔ پی ٹی آئی سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں سے انتخابی اتحاد ہوسکتا ہے۔ اس بات کا اعلان حروں کے روحانی پیشوا اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی زیر صدارت ہونیوالے جی ڈی اے کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کیا۔ اجلاس میں سید غوث علی شاہ ‘پیر صدر الدین راشدی‘ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا‘ ارباب غلام رحیم‘ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا‘ سردار علی گوہر عباسی‘ عرفان اللہ مروت‘ غوث بخش خان مہر ‘سید مظفر حسین شاہ‘ ایاز پلیجو‘ سردار علی گوہر خان مہر ‘مہتاب اکبر راشدی و دیگر شریک ہوئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ سندھ میں دس سالوں سے بیورو کریسی میں وہی لوگ ہیں‘ انہیں ایک دوسروں کی جگہ تعینات کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا یہ ہمیں قبول نہیں ہے۔ سندھ کے افسران کو پنجاب اور پنجاب کے افسران کو سندھ بھیجا جائے تاکہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔