اورنگی میں پانی اور بجلی کی بندش پر دھرنا ٗ بدترین ٹریفک جام

June 21, 2018 1:46 pm0 commentsViews: 1

مظاہرین پونے 5نمبر چوک پر جمع ہوگئے ٹائر نذرآتش کرکے سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی
واٹر بورڈ علاقے کا پانی واٹر ٹینکر کو فروخت کررہا ہے ٗ کے الیکٹرک کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کرتی ہے ٗ مظاہرین کی گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹائون میں پانی کی عدم فراہمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے نکل کر اورنگی پونے پانچ نمبر پر دھرنا دے کر سڑک کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا جس سے اورنگی ٹائون کی مختلف سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے اورنگی ٹائون پونے پانچ پر اطراف کی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کی بڑی تعداد نے جمع ہوکر سڑک پر ٹائر نذر آتش کرکے سڑک کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا ، اور کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں دی ، پونے پانچ نمبر پر ہونے والے احتجاج کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، علاقہ مکینوںکا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی ماہ سے واٹر بورڈ کی جانب سے علاقے کا پانی بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین مہنگے داموں واٹر ٹینکر مافیا سے پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں ، مکینوں کا کہنا تھا کہ ہمارا پانی واٹر بورڈ کے افسران مل کر ٹینکر مافیا کو فراہم کررہے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ، اور کے الیکٹرک کی جانب سے علاقے میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے متعدد بار شکایت کرنے کے باوجود بھی علاقے کی بجلی بحال نہیں کی جاتی ہے ، احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو پرامن طور پر منتشرکرتے ہوئے سڑک کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا۔