الیکشن کے دن کراچی میں طوفانی بارش کی پیشگوئی

July 21, 2018 1:03 pm0 commentsViews: 11

حیدر آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ساہیوال، اٹک سمیت کئی علاقوں میں بھی 25 جولائی کو بارش ہوگی، محکمہ موسمیات
ملک کے بیشر علاقوں میں بارش سے تباہی، 4 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی، خیبر ایجنسی میں پل گرگیا، کئی گاڑیاں بہہ گئیں
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) ملک کے بیشتر حصوں میں طوفانی بارش کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے الیکشن والے دن کراچی اور حیدرآباد سمیت ملک بھر میں شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کی وجہ سے پولنگ بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ایجنسی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ آبی ریلے سے طورخم کا تاریخی پُل بھی گر گیا۔ 3 ٹرالرز اور ایک سوزوکی بھی آبی ریلے میں بہہ گئے جس کے نتیجے میں ٹرالر میں سوار کلینر جاں بحق ہوگیا۔ طورخم بارڈر میں سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جگہ جگہ سیفٹی وال بھی گر گئے، پانی دکانوں اور دفاتر میں بھی داخل ہوگیا اسی طرح لنڈی کوتل میں ایک گھر منہدم ہوگیا۔ بارش سے تباہی کے نتیجے میں پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جبکہ مال بردار گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔ اس کے علاوہ طوفانی بارش کے باعث درجنوں مویشیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ جمرود میں بھی کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ادھر پشاور کے نواحی علاقے اپر کالونی میں طوفانی بارش کے باعث خستہ ہال مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق جبکہ بیٹا زخمی ہوگیا۔ جڑانوالہ میں تیز رفتار آندھی و بارش کے باعث حادثات میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوتے ہی طغیانی کے باعث 2 پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ پرائمری اسکول ٹپہ والا اور بنیادی ہیلتھ سینٹر خان والا بھی دریا برد ہوگئے جس سے وہاں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل ناممکن ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی، گوجرانوالہ اور اٹک سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں عام انتخابات کے روز شدید بارش کی پیشگوئی ہے۔