شہر کا مینڈیٹ کسی اور دینے کی سازش ہورہی ہے، آفاق احمد

July 21, 2018 1:07 pm0 commentsViews: 5

انتخابات شفاف ہوتے نظر نہیں آرہے ، پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے پر پابندی شکوک و شبہات پیدا کررہی ہے
عوام انتخابات کے بائیکاٹ کی کال پر دھیان دینے کے بجائے اپنا ووٹ کاسٹ کریں، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین کی پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ انتخابات شفاف ہوتے نظر نہیں آرہے، یہ الیکشن کنٹرول الیکشن ہوں گے۔ پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے پر پابندی شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہے اس شہر کا مینڈیٹ کسی سے چھین کر کسی اور کو دینے کی سازش کی جارہی ہے، عوام انتخابات کے بائیکاٹ کی کال پر دھیان دینے کے بجائے اپنا ووٹ کاسٹ کریں، اگر الیکشن کا بائیکاٹ کیا گیا تو مہاجر عوام پر کچھ لوگوں کو مسلط کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ ڈیفنس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہاکہ الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے پر پابندی کی وجہ سے انتخابی نتائج تبدیل کیے جاتے ہیں، حالات کا فائدہ اٹھا کر اس شہر کا مینڈیٹ کسی سے چھین کر کسی اور کو دینے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے بینرز سرکاری سرپرستی میں اتارے جارہے ہیں ہمیں کئی کئی دن تک کارنر میٹنگ کے لیے منتیں کرنی پڑتی ہیں، بلدیہ میں ایک رہنما کی آمد پر کئی گھنٹے تک فائرنگ کی گئی، ہمیں پولنگ ایجنٹ مقرر نہیں کرنے دیے جارہے، سیکورٹی الرٹ جاری کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے، آفاق احمد نے کہاکہ الیکشن آزادانہ اور شفاف نہیں ہوں گے، ہمارے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے کچھ جماعتیں ہمارے خلاف تھانوں میں جھوٹی درخواستیں دے رہے ہیں۔