پولنگ اسٹاف کی سیاسی وابستگیاں ہیں، رضا ہارون

July 21, 2018 1:07 pm0 commentsViews: 3

غریب متوسط طبقے کی جماعت ہیں اس لئے اشتہارات کی دوڑ میں شامل نہیں ہوسکتے
ایسا لگ رہا ہے لیکشن صرف مخصوص طبقے کے لئے کرائے جارہے ہیں، شمولیت اختیار کرنے والوں کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضاہارون نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کے مطابق شفاف انتخابات ہونے چاہئیں جن افسران کی پولنگ اسٹاف کی حیثیت سے پوسٹنگ ہو رہی ہے ان کی سیاسی وابستگیاں ہیں۔ انتخابات کی شفافیت کا دارومدار انتخابی سامان اور انتخابی عملے پر ہوتا ہے، لیکن یہ انتخابی سامان انہی افسران کے ہاتھوں میں دیے جانے کا خدشہ ہے جن کی سیاسی وابستگیاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان ہاؤس میں وائس چیئرمین وسیم آفتاب کے ہمراہ اندرون سندھ سے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رضا ہارون نے کہاکہ ہم اشتہارات کی دوڑ میں توشامل نہیں ہوسکتے کیونکہ ہم غریب متوسط طبقہ کی جماعت ہیں، پیسے کی دوڑ میں متوسط طبقہ کے نمائندے انتخابی مہم سے باہر ہو چکے ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ موجودہ الیکشن صرف ایک مخصوص طبقے کے لیے ہو رہے ہیں، عوام مصطفی کمال کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آزمائے ہوئے لوگوں کو مزید آزمانے سے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی جو نمائندے عوام کے بنیادی مسائل سے واقف ہی نہیں ہیں تو وہ ان کے مسائل کیسے حل کریں گے۔