باغ جناح میں کل تاریخی جلسہ کرینگے، تحریک انصاف

July 21, 2018 1:07 pm0 commentsViews: 35

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشنوں میں کیمرہ مین کے داخلے پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں
باغ جناح میں تاریخ کا سب سے بڑا اسٹیج بنارہے ہیں ، عارف علوی اور عمران اسماعیل کی پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کل اتوار کو باغ جناح میں تاریخی جلسہ کریں گے۔ چار روز قبل اجازت ملنے پر انتظامیہ کے مشکور ہیں، جلسہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مزار قائد سے متصل باغ جناح میں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ہمراہ اور آل پاکستان مسلم لیگ کے حلقہ پی ایس 111 کے امیدوار راحیل شاہ کی پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار ہونے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راحیل شاہ نے عمران اسماعیل کے حق میں دستبرداری اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیمرہ مین پر پابندی کے حکم کی مذمت کرتے ہیں دھاندلی کیمرے کی مدد سے پکڑی جاتی ہے۔ عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسٹیج تیار کر رہے ہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ اسٹیج 120 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا ہے، نشتر پارک میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، ضلع جنوبی والوں کے لیے شاہراہ قائدین پر پارکنگ ہے۔ اگر پارکنگ کا مسئلہ ہوا تو سٹل سروس کا بھی انتظام ہوگا، فیملیز کے لیے 25 ہزار افراد کا انتظام کیا ہوا ہے اور پورے شہر میں ہماری انتخابی مہم ٹھیک چل رہی ہے۔