پی پی سیاسی طور پر ہار چکی ہے، سردار رحیم

July 21, 2018 1:07 pm0 commentsViews: 2

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے زرداری لیگ کو جنم دے کر بھٹو اور بینظیر کی پارٹی کو ختم کردیا
دھاندلی کی گئی تو سندھ کے عوام انتخابی نتائج کو مسترد کردینگے، پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور فنکشنل مسلم لیگ کے رہنما سردار رحیم نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سیاسی طور پر نہ صرف ہار چکی ہے بلکہ ختم ہو چکی ہے، جبکہ موجودہ پیپلز پارٹی زرداری لیگ ہے۔ پیپلز پارٹی کے موجودہ رہنماؤں نے زرداری لیگ کو جنم دے کر ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی پارٹی کو دفن کر دیا ہے۔ موجودہ نگراں حکومت کی مشینری اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت کی مشینری میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اگر انتخابات شفاف نہ ہوئے اور دھاندلی کی گئی تو سندھ کے عوام انتخابی نتائج کو مسترد کردیں گے، الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائے اور قبل از انتخابات دھاندلی کا فوری نوٹس لے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فنکشنل لیگ کے سیکرٹری اطلاعات عبدالکریم شیخ بھی موجود تھے۔ سردار رحیم نے کہاکہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایچ اوز وہی ہیں جو پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں مزے لوٹ رہے تھے اوران کے پیپلز پارٹی کے سابق وزراء اور مختلف رہنماؤں سے قریبی تعلقات ہیں، ایسے افسروں کی موجودگی میں غیر جانبدارانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔