الیکشن 2018 سیکورٹی انتظامات نامکمل،ہزاروں پولنگ اسٹیشن غیر محفوظ

July 21, 2018 1:08 pm0 commentsViews: 2

الیکشن کمیشن انتخابات کے سلسلے میں بہترین انتظامات کے اپنے احکامات پر عمل درآمد کرانے میں ناکام،سینکڑوں پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں
ہزاروں پولنگ اسٹیشن بنیادی سہولیات سے محروم، پانی، بجلی تک موجود نہیں، سیکورٹی خدشات پر بلوچستان کے 6 اضلاع میں انٹر نیٹ سروس بند
اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) الیکشن کمیشن عام انتخابات کے سلسلے میں بہترین انتظامات کے اپنے احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوگیا اور انتخابات سے قبل ہزاروں پولنگ اسٹیشن غیر محفوظ اور سیکڑوں حساس قرار دیے جارہے ہیں، بلوچستان میں سیکورٹی خدشات کے باعث 6 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے عملے کی تفصیلات جاری کردی ہیں، ملک بھر میں 16 لاکھ افراد خدمات انجام دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں میں ہزاروں پولنگ اسٹیشن غیر محفوظ اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جہاں پانی اور بجلی سمیت چار دیواری تک موجود نہیں ہے اور ایس پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 4 ہزار 945 ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق چار دیواری کے بغیر سیکڑوں پولنگ اسٹیشن حساس کٹیگری میں شامل ہیں۔ ملتان سے 258 انتہائی حساس اور 564 حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کیمرے نصب کر دیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں اس طرح کے سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں کا انکشاف ہوا ہے جہاں 17 ہزار 747 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 3 ہزار 688 پر چار دیواری اور پانی وبجلی جیسی سہولیات نہیں ہیں۔