لوٹی دولت واپس لانے کیلئے برطانیہ سے معاہدہ

September 18, 2018 12:38 pm0 commentsViews: 5

برطانوی وزیر داخلہ کی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں، جرائم کی روک تھام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے بعد سعودی عرب، جی سی سی ممالک، سوئٹزرلینڈ سے بھی معاہدہ ہوگا۔ قانون کا ہاتھ اب مجرموں کی گردن تک پہنچے گا، برطانیہ سے معاہدے کے بعد پہلی بار اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز کو پاکستان لانا ممکن ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان سے پیسہ غیر قانونی طور پر برطانیہ اور یو اے ای جاتا ہے۔ آج پریس کانفرنس میں اہم پیش رفت سامنے لائی جائے گی۔ سعودی عرب کے ساتھ بھی معاہدہ کریں گے سب سے اہم معاہدہ جس کا انتظار ہے وہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا جس کے بعد سوئس بینکوں سے رسائی مل جائے گی جو ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ پاناما کے بعد دنیا میں بدعنوان حکام کی لوٹ مار کے بعد بیرون ملک چھپائی گئی جائیداد پر بحث شروع ہوگئی۔ ہماری سابق حکومتیں عالمی قوانین کا فائدہ نہیں اٹھاتی تھیں، اب ایسا نہیں ہوگا اور قانون کا ہاتھ مجرم کی گردن تک پہنچے گا چاہے وہ دنیا میں کہیں بھی بیٹھا ہو۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم نے کام شروع کر دیا ہے، گورنر ہاؤسز کو بھی عام عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، پہلی بار لوگوں نے گورنر ہاؤسز کو دیکھا۔