سندھ میں 74جعلی اخبارات وجرائد کی رجسٹریشن منسوخ

September 18, 2018 12:42 pm0 commentsViews: 3

مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر ممکنہ اطلاعات کے احکامات جاری
اخبارات وجرائد کے ڈیکلریشن کی منسوخی سے محکمہ اطلاعات کو لاکھوں روپے کی بچت ہوگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ اطلاعات سندھ نے محکمہ میں رجسٹرڈ 74 جعلی اخبارات و جرائد کی رجسٹریشن کی منسوخی کے احکامات جاری کر دیے۔ جعلی اخبارات و جرائد کی ڈیکلیریشن کی منسوخی کے احکامات وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر جاری کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ نے اس ضمن میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو خطوط ارسال کر دیے ہیں۔ محکمہ اطلاعات نے سندھ بھر کے اخبارات اور جرائد کی جانچ پڑتال کی، ملازمین اور ان کے دفاتر سے متعلق انکوائری کمیٹی بنائی تھی اس کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مذکورہ 74 اخبارات کے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ اخبارات کے نہ کوئی دفاتر ہیں اور نہ ہی ان کے کوئی ملازمین ہیں۔ مذکورہ اخبارات اور جرائد کے ڈیکلیریشن منسوخ ہونے سے محکمہ کو سالانہ لاکھوں روپے اشتہارات کی مد میں بچت ہوگی۔ سیکرٹری محکمہ اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے 74 جعلی اخبارات و جرائد کی منسوخی کی تصدیق کردی ہے ان کا کہنا ہے کہ ان جعلی روزناموں، ہفتہ وار، ماہانہ اخبارات و رسائل کو مرحلہ وار منسوخ کریں گے۔