وزیراعظم ہاؤس کی 62گاڑیوں کی نیلامی

September 18, 2018 12:42 pm0 commentsViews: 5

7بلڈ پروف گاڑیاں بھی شامل ٗ نیلامی میں 500افراد نے حصہ لیا
ایم کیو ایم کے خواجہ سہیل منصو ر نے 7کروڑ میں بم پروف گاڑی خریدی ٗ لوگوں کی بھینسوں کی خریداری میں دلچسپی
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم ہاؤس میں گاڑیوں کی نیلامی کا عمل ادھورا رہا۔ نیلامی میں تقریباً 2 ہزار خواہش مند افراد نے حصہ لیا تاہم زیادہ تر لوگ اصل قیمت کے مقابلے میں ڈیوٹی کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے۔ 102 گاڑیوں میں سے 62 گاڑیاں نیلام ہوئیں، جن میں 7 بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں تاہم ابھی 20 بلٹ پروف گاڑیاں گاہکوں کے انتظار میں ہیں۔ ایک بم پروف گاڑی کی قیمت 9 کروڑ روپے لگی جو ایم کیو ایم کے خواجہ سہیل منصور کی طرف سے لگائی گئی، 10 کروڑ روپے کی گاڑیاں نیلام ہوئیں۔ نیلامی میں ایف بی آر، وزیراعظم ہاؤس اور فارن آفس کے افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔ گاڑیوں کی نیلامی کے لیے حصہ لینے والوں کی کُل تعداد تقریباً دو ہزار سے زائد تھی، صرف ایک بجے تک 1500 افراد انٹری گیٹ پر اپنا نام اور آئی ڈی کارڈ کا اندراج کرکے نیلامی میں حصہ لینے کے لیے آچکے تھے لیکن اکثر گاڑیوں پر عائد ڈیوٹی کا سُن کر عدم دلچسپی کا اظہار کر دیتے۔ انہوں نے جس مرسڈیز کی 61 لاکھ روپے کی کامیاب بولی دی اس کے لیے پہلے نہیں بتایا گیا تھا کہ کامیاب بولی والے شخص کو تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی ڈیوٹی اور کُل رقم پر 10 فیصد ایکسٹرا بھی دینا ہوں گے، بعدازاں اس شخص نے گاڑی خریدنے سے انکار کر دیا۔ پی ایم ہاؤس میں گاڑیوں کی نیلامی کے لیے آنے والے کچھ لوگ بھینسوں کی نیلامی میں بھی دلچسپی رکھنے کی وجہ سے ان بھینسوں کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے تاہم انہیں بتایا گیا کہ بھینسوں کی نیلامی 2 ہفتے بعد ہوگی۔