آرمی چیف نے 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

November 24, 2018 1:08 pm0 commentsViews: 2

سزا پانے والے مجرموں پر مجموعی طور پر 26 افراد کو شہید کرنے کے الزامات تھے، آئی ایس پی آر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف نے مزید 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والے دہشت گردی کی سنگین کارروائیوں میں ملوث تھے۔ یہ دہشت گرد حملے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 26 افراد شہید اور 22 زخمی ہوئے تھے، ان دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں نے سزائے موت سنائی تھی۔ 22 دہشت گردوں کو مختلف مدت کی قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں انور سلام، عرفان الحق، صاحب زادہ، نادر خان، عزت خان، امتیاز احمد، امیر زیب، بادشاہ عراق، اظہار احمد، اکبر علی اور محمد عمران شامل ہیں۔