لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظ کو خطرات لاحق

November 26, 2018 12:15 pm0 commentsViews: 12

ایئرپورٹ اور ساحل سمندر سے لیزر لائٹ پڑنے کے 15دنوں میں 5واقعات رپورٹ
کلفٹن اور ڈیفنس میں ریسٹورنٹ میں لگی بڑی لائٹیں جہازوں کو متاثر کررہی ہیں ٗ انتظامیہ کو خطوط جاری
کراچی (نیوز ڈیسک) فضا میں موجود طیاروں کو لیزر لائٹس مارنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظ کو خطرات لاحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر جہازوں کے اترنے سے قبل ان پر لیزر لائٹس مارنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے، سمندر کے قریب واقع ریسٹورنٹ میں لگی بڑی بڑی لائٹیں پروازوں کو شدید متاثر کرتی ہیں۔ اس حوالے سے ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں کولینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، گزشتہ 15 دنوں کے دوران طیاروں پر لیزر لائٹ پڑنے کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ لیزر لائٹوں کے واقعات کے حوالے سے کمشنر کراچی اور پولیس کو خطوط لکھ کر آگاہ کیا جاچکا ہے اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ایئرپورٹ منیجر نے بتایا کہ طیاروں پر زیادہ تر لیزر لائٹ پڑنے کے واقعات کلفٹن اور ڈیفنس میں واقع ہوئے ہیں، بیرون ملک سے آنے والے طیارے جن کی سمت سمندر کے اوپر سے ہوتی ہے کلفٹن اور ڈیفنس میں بنے ریسٹورنٹ میں لگی بڑی لائٹیں جہازوں کو متاثر کر رہی ہیں، ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنوں نے بھی لیزر لائٹ پڑنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔