کراچی میں دفاعی نمائش شروع ایکسپو سینٹر کے اطراف کا علاقہ مکمل طور پر سیل کردیا گیا

November 27, 2018 12:17 pm0 commentsViews: 6

نمائش کا افتتاح صدر مملکت عارف علوی نے کیا، نمائش میں 50 سے زائد ممالک کے 262 وفود شرکت کررہے ہیں، نمائش 30 نومبر تک جاری رہے گی
آئیڈیاز 2018 نمائش کیلئے گلشن اقبال کی مرکزی سڑک بند ہونے سے اطراف میں بدترین ٹریفک جام، ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑنا شروع کردیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی ایکسپو سینٹر میں آج صبح دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ء شروع ہوگئی جس کا افتتاح صدر مملکت عارف علوی نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ دفاعی شعبے میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کی دنیا معترف ہے۔ نمائش کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں اور پاک فوج کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔ نمائش میں 50 سے زائد ممالک کے 262 وفود شرکت کر رہے ہیں جوکہ 27 سے 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ 52 ممالک کی 522 کمپنیاں اپنی دفاعی مصنوعات پیش کریں گی۔ امسال نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ ہوگی، دفاعی نمائش میں 522 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات کو نمایاں کریں گی جن کا تعلق دنیا کے 52 ممالک سے ہے۔ 321 غیر ملکی کمپنیاں اور 201 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔ آئیڈیاز 2018ء میں مزید ممالک شرکت کر رہے ہیں جن میں امریکا، اٹلی، جرمنی، اردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، یوکرائن، عرب امارات اور دیگر شامل ہیں۔ ڈائریکٹر کور آڈنیشن ڈیپو بریگیڈیئر وحید کے مطابق پاکستان کی ڈیفنس کی برآمد مسلسل بڑھ رہی ہے جو تیس کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ علاوہ ازیں آج صبح ایکسپو سینٹر میں شروع ہونے والی آئیڈیاز 2018ء کے باعث سڑکیں سیل ہونے سے شارع فیصل، طارق روڈ، شہید ملت روڈ، جیل روڈ، یونیورسٹی روڈ، لیاقت آباد، غریب آباد، نیپا چورنگی، اسٹیڈیم روڈ، کارساز و دیگر مقامات پر بدترین ٹریفک جام رہا۔ ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑنا شروع کردیا تاہم گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں سڑکوں پر نظر آرہی ہیں۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹی جانے والے طلبہ، دفاتر جانے والے خواتین و حضرات، کاروباری افراد کو منزل مقصود تک پہنچنے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ شام چھ بجے کے بعد مرکزی سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے گا۔