دبئی ٹیسٹ شاہینوں نے کیویز کے پر کتر دیئے سیریز 1-1 سے برابر

November 28, 2018 1:53 pm0 commentsViews: 13

نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست، یاسر شاہ دوسری اننگز میں کامیاب بولر رہے، 6 کیوی کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا
کیوی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں، حسن علی کی 3 جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا، یاسر شاہ مین آف دی میچ قرار پائے
دبئی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ یاسر شاہ دوسری اننگز میں بھی کامیاب بولر رہے انہوں نے 6 کیوی کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 14 کھلاڑی آؤٹ کیے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ٹیلر نے 82 رنز بنائے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز فالو آن کا شکار ہونے والی کیوی ٹیم نے 131 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو 44 رنز پر موجود لیتھم اپنے اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ ہی کر سکے اور 146 کے اسکور پر کیوی ٹیم کی 3 وکٹیں گر گئیں۔ لیتھم کے آؤٹ ہونے کے بعد روس ٹیلر اور اگلے آنے والے بیٹسمین ایم نیکولز نے کیوی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 198 کے مجموعی اسکور پر روز ٹیلر بلال آصف کی گیند پر 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 255 کے مجموعی اسکور پر بی جے ویٹلنگ 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کیوی ٹیم کے کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں۔ 270 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کا چھٹا، 285 پر ساتواں، 301 پر آٹھواں جبکہ 311 پر نواں اور 312 پر آخری کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔ ٹام لیتھم نے 50، ٹیلر نے 82 اور ہنری نکلز نے 77 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 6، حسن علی نے 3 جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاسر شاہ نے میچ میں 184 رنز کے عوض 14 وکٹیں حاصل کیں اور اس کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔