ابوظہبی ٹیسٹ اوپنر ناکام مڈل آرڈر نے شاہینوں کو سہارا دیدیا

December 5, 2018 11:10 am0 commentsViews: 2

تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالئے
نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، بلال آصف نے 5، یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی
ابوظہبی (اسپورٹس ڈیسک) تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹ کے نقصان پر 139 رنزبنا لیے۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز ہی بنا سکی اور آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے کیا تاہم حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق صرف 18 رنز بنا سکے۔ ون ڈاؤن آنے والے اظہر علی نے ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، حارث سہیل نے 34 رنز بنائے تاہم وہ آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے اسکور کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 135 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں اس سے قبل نیوزی لینڈ نے کھیل کے دوسرے روز اننگز کا آغاز 7 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز سے کیا، تاہم نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 45 رنز کے اضافے کے بعد 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں بلال آصف نے 5، یاسر شاہ نے 3 جبکہ حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کیویز کے ٹاپ آرڈر کو دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہنے دیا۔